7 اپریل 2014 - 13:34
ہندوستان میں پارلیمنٹ الیکشن کا آج سے آغاز

ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات آج سے شروع ہو رہے ہیں اور پہلے مرحلے میں ریاست آسام اور تری پورہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات آج سے شروع ہو رہے ہیں اور پہلے مرحلے میں ریاست آسام اور تری پورہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کاپہلا مرحلہ آج 7 اپریل سے شمال مشرقی ریاستوں سے شروع ہوگا جس میں آسام اور تری پورہ کے 6 حلقوں کی 16 نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ آسام میں کانگریس جب کہ تری پورا میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی حکومت ہے، لیکن دونوں ریاستوں میں حزب اختلاف کا مزاج جارحانہ رہا ہے اور وہ ریاستی حکومتوں پرشدید تنقیدکرتی رہی ہے ۔پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی نشستوں کے لیے 51 امیدوار میدان میں ہیں، 8 ہزار 588 پولنگ اسٹیشنز پر 64 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ پولنگ کا وقت صبح سات بجے سے شام 5 بجے تک بغیرکسی وقفے کے جاری رہے گا۔ 12 مئی کوپولنگ کاآخری مرحلہ ہوگا جس کے نتائج کا اعلان 16 مئی کو کیا جائے گا۔ موجودہ لوک سبھا کی مدت 31 مئی کو پوری ہورہی ہے۔ہندوستان کی تاریخ کی سب سے طویل عرصے تک ہونے والی ووٹنگ میں لوک سبھاکی 543 نشستوں کے لیے81 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲